تین ماہ کے جمود کے بعد سیمنٹ کی ترسیل میں 30 فیصد اضافہ

جون 2020 میں 3.835 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا جو کہ گزشتہ برس کے جون کی نسبت 19.63 فیصد زائد ہے، شمالی ریجن میں مقامی طور پر کھپت بڑھی جبکہ جنوبی ریجن سے برآمدات میں اضافہ ہوا۔

717

لاہور : ماہ جون میں کارخانوں سے سیمنٹ کی ترسیل 29.94 فیصد بڑھ کر 4.623 ملین ٹن ہوگئی جوکہ گزشتہ برس کے جون میں 3.557 ملین ٹن تھی یوں رواں مای سال کا اختتام خوشگوار خطوط پر ہورہا ہے جبکہ سیمنٹ انڈسٹری سے یہ اچھی خبر تین ماہ کے جمود کے بعد سننے کو ملی ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچورز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مقامی سطح پر سیمنٹ کی فروخت جون 2020 میں 19.63 فیصد اضافے سے 3.835 ملین ٹن ہوگئی جبکہ جون 2019 میں یہ فروخت 3.206 ملین ٹن تھی۔

اسی طرح جون 2020 میں سیمنٹ انڈسٹری کی برآمدات میں 123.89 فیصد اضافہ ہوا ۔ گزشتہ برس ماہ جون میں سیمنٹ انڈسٹری کی برآمدات 0.351 ملین ٹن تھی جبکہ رواں برس جون میں ان برآمدات کا حجم 0.787 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے :

پیداواری لاگت، ٹیکسوں میں اضافے سے سیمنٹ مینوفیکچررز پریشان، تیسری سہ ماہی میں بھاری خسارے کا سامنا

سی پیک : پاکستان اور چین کے درمیان آزاد پتن ہائیڈل پاور منصوبے کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا

گوادر پورٹ فری زون فیز1 میں تعمیراتی کام مکمل ہوگیا

ملک کے شمالی حصے میں سیمنٹ کی کھپت جون 2020 میں 3.384 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ جون 2019 میں اس ریجن میں کھپت کا حجم 2.750 ملین ٹن تھا۔

تاہم اس شعبے سے سیمنٹ کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں برس جون میں یہاں سے 46 ہزار 25 ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ برس جون میں برآمد کیے جانے والے سیمنٹ کا حجم 0.145 ملین ٹن تھا۔

جنوبی ریجن میں صورتحال مختلف رہی جہاں سیمنٹ کی مقامی کھپت گزشتہ برس کے جون کی 0.455 ملین ٹن سے کم ہوکر رواں برس جون میں 0.451 ملین ٹن ہوگئی۔

تاہم اس ریجن سے سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور یہ گزشتہ برس کے جون کی 0.206 ملین ٹن سے بڑھ کر رواں برس جون میں 0.742 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔

مجموعی طور پر سیمنٹ کی کھپت میں گزشتہ برس کی نسبت رواں برس 1.98 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 47.81 ملین ٹن کی سطح تک پہنچ گئی ہے ایسا برآمدات میں 19.8 فیصد اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔

مقامی سطح پر کھپت میں ایک فیصد کمی ہوئی ہے اور ایسا چھ برسوں میں پہلی دفعہ ہوا ہے۔

جنوبی ریجن کے سیمنٹ کارخانوں نے برآمدات کے معاملے میں اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ شمالی ریجن کے سیمنٹ کارخانوں نے مقامی ضرورت کے معاملے میں۔

مالی سال 2020 میں شمالی ریجن کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 34.327 ملین ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں بھیجا جو کہ پچھلے سال کی نسبت 6.07 فیصد زائد ہے۔

تاہم اس کی برآمدات میں 22 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے۔

یہاں یہ بتانا مناسب ہوگا کہ بھارتی حکومت کی پالیسی اور افغانستان میں تعمیراتی سرگرمیوں میں کمی کے باعث اس ریجن کی برآمدات میں کمی آئی۔

ادھر جنوبی ریجن میں مقامی طور پر کھپت کم رہی اور ملوں نے مارکیٹ میں گزشتہ برس کی نسبت 29.37 فیصد کم سیمنٹ بھیجا جس کا حجم 5.637 ملین ٹن تھا۔

تاہم اس خطے کی برآمدات گزشتہ برس کی نسبت 46.47 فیصد بڑھ کر 5.877 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچورز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے جون میں سیمنٹ انڈسٹری کی بہتر کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے اس شعبے کو دی جانے مراعات اور رعایتوں کی بدولت اس کی کارکردگی میں اگلے سال مزید بہتری آئے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here