
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کورونا وائرس کی وباءکے خلاف فرنٹ لائن پرکام کرنے والے صحت عامہ کے کارکنوں کونیشنل ریپڈ کریٹکل کئیرٹریننگزپروگرام کے ذریعہ تربیت فراہم کی جائیگی۔
ہیلتھ سروسزاکیڈمی آف پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین اس ضمن میں معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ژیاوہانگ ینگ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء پاکستان کی حکومت اورعوام کیلئے صحت عامہ کا ایک بڑاچیلنج ہے، تربیتی پروگرام ہیلتھ سروسز اکیڈیمی کی زیر سرپرستی چلایا جائے گا اور اس سے انتہائی نگہداشت کے نظام کو موثر بنانے، وباء کی موجودہ صورتحال میں صحت عامہ کے کارکنوں کی استعداد کارمیں بہتری اور مستقبل کے انتہائی نگہداشت کے تقاضوں کو پوراکرنے میں مدد ملے گی۔
تربیتی پروگرام کے ذریعہ کورونا وائرس کے انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے انتظام و انصرام میں مصروف عمل 4500 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو فوری تربیت دی جائے گی۔
تربیتی پروگرام ہانگ کانگ یونیورسٹی کی جانب سے سارس کی وباء سے نمٹنے والے پروگرام کی بنیاد پرترتیب دیا گیا ہے جس میں موجودہ وباء کے مطابق تبدیلیاں کی گئی ہے۔
10 روزہ تربیتی کورس میں 8 روز پری ٹیسٹ، اور فاصلاتی طریقہ تعلیم جبکہ دو یوم صحت کے مراکز میں فزیکل ٹریننگ پر مشتمل ہے، سرٹیفیکیشن کیلئے آن لائن ٹیسٹ ہوگا۔
فرنٹ لائن عملہ میں صحت عامہ کے ماہرین بشمول ڈاکٹرز، سپیشلسٹ، پوسٹ گریجوویٹ ٹرینیز، نرسز، اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تعینات پیرامیڈیکل عملہ شامل ہے۔
کل 150 بیچز کو تربیت دی جائے گی اور ہر بیچ 30 شرکاء پر مشتمل ہو گا۔
پروگرام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور سوئس ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کرے گا، معاہدے کے تحت 24 گھنٹے ٹیلی میڈیسن کے نظام کی تشکیل بھی عمل لائی جائے گی۔