لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے مسلسل شکایات ملنے کے بعد ویڈیو گیم ’’پلئیرز اَن نائون بیٹل گیم‘‘ یعنی ’پب جی‘ پر عارضی پابندی عائد کر دی۔
پی ٹی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے پب جی کے خلاف بے شمار شکایات موصول ہو رہی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ نوجواںوں کو اس گیم کی لت لگ چکی ہے اور یہ سراسر وقت کا ضیاع ہے، اس کے علاوہ گیم بچوں کی جسمانی اور نفسیاتی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کر رہی ہے۔
پی ٹی اے کے بیان کے مطابق ‘حالیہ ہفتوں میں پب جی کھیلتے ہوئے کچھ نوجوانوں کی جانب سے خودکشی جیسے افسوسناک واقعات پیش بھی آ چکے ہیں۔’
یاد رہے کہ 24 کو لاہور پولیس کے مطابق شہر میں چار روز میں دو نوجوانوں نے ویڈیو گیم ‘پب جی’ کھیلنے سے منع کرنے پر خودکشی کر لی تھی، جس کے بعد پولیس کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسی تمام پُرتشدد گیمز اور آن لائن پیجز کو بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کو درخواست دی جائے گی۔
اس سے قبل مئی میں لاہور ہائیکورٹ نے بھی پی ٹی اے کو حکم جاری کیا تھا کہ پب جی کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس معاملے کا فیصلہ کرے، اسی حوالے سے آئندہ سماعت 9 جولائی کو مقرر ہے۔
پی ٹی اے نے مذکورہ گیم کے حوالے سے عوامی رائے جاننے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے کوئی بھی شخص گیم کے حوالے سے پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر 10 جولائی تک اپنی رائے کا اطہار کر سکتا ہے۔