اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی تشخیص ، ویکسین اور علاج کےلئے آئندہ ایک سال کے دوران 31.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی ضرورت ہے تاہم ابھی تک 3.4 ارب ڈالر کے وعدے کیے گئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران مزید 27.9 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس سے 14 ارب ڈالر فوری نوعیت کے اقدامات کےلئے درکار ہیں۔ اگر فنڈز کا مناسب وقت پر انتظام نہ ہو سکا تو کووڈ-19 کے انسانی اور معاشی نقصانات میں کئی گنا اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرنے چاہیں، دنیا کے کم آمدنی والے ممالک میں آئندہ سال کے وسط تک 500 ملین ٹیسٹس اور 245 ملین سے زیادہ افراد کے علاج معالجے کےلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی آبادی کا تقریباً 90 فیصد حصہ وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری اور مخیر اداروں پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباءکے نقصانات کو کم سے کم کرنے کےلئے مطلوبہ فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کےلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔