’حکومت مافیا کی سہولت کار‘، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر اپوزیشن کی کڑی تنقید

601

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 34 فیصد اضافے کے فیصلےکے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران گرما گرمی دیکھنے میں آئی، حکومتی فیصلے کو اپوزیشن اراکینِ اسمبلی کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کی منظوری دی تھی، پیٹرول کی قیمت 25.58 روپے اضافے سے 100 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔

ہفتے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول کی قیمت میں کبھی بھی 34 فیصد یکبارگی اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت مافیا کی سہولت کار بنتی جارہی ہے، ہم سمجھ سکتے ہیں کہ حکومتی بینچوں میں خوف کی لہر ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

مہنگائی سے بلبلاتے عوام پر حکومت نے غیر متوقع طور پر پٹرول بم گرا دیا

ہائے رے مہنگائی، کیا دنیا میں اسکی سب سے زیادہ شرح پاکستان میں ہے ؟

خرم دستگیر نے چینی بحران کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ چینی برآمدات کرنے کی اجازت کے بعد کیا گیا تھا۔

دیگر قومی مسائل پر بات کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ساہیوال واقعے کے مجرموں کو سزا نہیں دی گئی جنہوں نے ایک ہی خاندان کو بے درری سے قتل کیا۔

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ایف آئی اے کو پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف انکوائری کا آغاز کرنا چاہیے۔ یہ تفتیش کرنی چاہیے کہ کون اس مافیا کے پیچھے ہے جو یہ سب کچھ کر رہا ہے۔

حکومتی بینچز کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب پی ٹی آئی کے فیصل آباد کے ایم این اے راجا ریاض نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کے خلاف کھل کر مخالفت کی۔

قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران راجا ریاض نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہی رات میں 25 روپے بڑھا دی گئیں، جبکہ انہیں حکومت کا حصہ ہونے اور انکے حلقے میں الیکشن جیتنے کے باوجود ترقیاتی کاموں کے لیے بجٹ نہیں مل رہا، انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ فنڈز کون لے رہا ہے؟

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایف آئی اے کو دوسرا نیب کا ادارہ بنانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے ایف آئی اے کے حاضرِ سروس افسران سے سیاسی مداخلت کو مسترد کرنے کی بھی درخواست کی۔

رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو اپوزیشن ارکان کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، انہوں نے وزارتِ داخلہ کے لیے بجٹ میں اضافے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف پروپگینڈا کی طرف ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ملک کی تاریخ میں سب سے بڑا ڈاکہ ہے، حکومت نے پیٹرولیم مافیا کے ساتھ مل کر عوام کے اربوں روپوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

خطے میں پاکستان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں:

وزیرتوانائی عمرایوب خان نے قومی اسمبلی سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جنوبی ایشیا کی نسبت سب سے کم ہیں۔

عمرایوب نے کہا کہ عالمی کریوڈ تیل کی منڈی میں گزشتہ 46 دنوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں 112 فیصد اضافہ ہوا ہے، تیل کی عالمی تنظیم اوپیک نے گزشتہ ماہ تیل کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی تیل کی منڈی کریش ہونے کے بعد صارفین کو اس کے ثمرات صحیح وقت میں پہنچائے۔ “ہم مذکورہ قیمتوں میں عالمی تیل کی منڈی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے تبدیلی کریں گے”۔

کراچی کے کئی علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ سے متلعق وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پا لیا گیا ہے اور لوڈشیڈنگ صرف ان فیڈرز میں کی جارہی ہے جہاں توانائی کی ترسیل میں نقصانات زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “ہماری توجہ ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری لانے پر ہے، ہم توانائی کے شعبے میں کلین اینڈ گرین پراجیکٹس پر پیشرفت کررہے ہیں”۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here