کورونا کے باوجود فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں کمی

جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران ادویات کی برآمدات کا حجم 192.549 ملین ڈالر تک کم ہوا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ادویات کی برآمدات سے 197.629 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا: ادارہ برائے شماریات

493

اسلام آباد: کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باوجود رواں مالی سال کے دوران فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں2.57 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران ادویات کی برآمدات کا حجم 192.549 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران ادویہ سازی کی مصنوعات کی برآمدات سے 197.629 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران برآمدات میں 5.080 ملین ڈالر یعنی 2.57 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن برآمدات میں 2.67 فیصد کے اضافہ سے برآمدات 12 ہزار 896  میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 13 ہزار 213 مٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔

ادھر فارما سیوٹیکلز کی برآمدات مئی 2020ء کے دوران 10.05 فیصد کی کمی سے 16.055 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مئی 2019ء کے دوران برآمدات کا حجم 17.848 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تاہم مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں 55.29 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2020ء کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات کا حجم 10.33 ملین ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here