لاہور: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 229 پوائنٹس اضافہ ہوا، سوموار کے کاروباری روز کا آغاز 33939 پوائنٹس سے ہو گا۔
سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں 100 بیسکز پوائنٹس کم کر کے 7 فیصد کرنا ہے۔
جمعہ کے کاروباری روز کا آغاز ہوتے ہی مثبت کاروباری رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 319 پوائنٹس اضافے سے 34028 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر گیا۔ تاہم، کاروبار کا اختتام 229 پوائنٹس اضافے سے 33939 پوائنٹس پر ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں ہفتے کی بنیاد میں 1.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 520 پوائنٹس اضافے سے 54584 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس میں 81 پوائنٹس اضافے سے یہ 24254 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری روز کے دوران 150 کمپنیاں مثبت جبکہ 136 کمپنیاں منفی رجحان میں رہیں۔
گزشتہ کاروباری سیشن (جمعرات) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم میں 168.42 ملین شئیرز سے بڑھ کر 198.19 ملین شئیرز ہوگئے تھے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر نمایاں رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کھاد، سیمنٹ اور فارماسیوٹیکل سیکٹر بھی گرین زون میں رہے جبکہ دیگر کمپنیوں میں فوجی فرٹیلائزرز کمپنی لمیٹڈ، حب پاور کمپنی لمیٹڈ اور اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ نے بھی مؤثر کاروبار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔