واشنگٹن: امریکہ ایئر کرافٹ سبسڈی تنازع پر یورپی یونین پر دباﺅ برقرار رکھنے کے لیے یونین میں شامل ممالک کی مصنوعات پر محصولات کی شرح پر نظر ثانی کرے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے دفتر برائے تجارتی نمائندہ کے مطابق3.1 ارب ڈالر کی یورپی مصنوعات جیسے کالے زیتون، الکحل اور دیگر اشیاء پر ڈیوٹی عائد کی جائے گی اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس فہرست میں مزید اشیاء شامل کی جائیں یا موجودہ ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کورونا وائرس کی وباء کے باعث شدید مالی بحران کا شکار فضائی کمپنیوں کو بعض ممالک کی حکومتوں نے ان کمپنیوں کو سبسڈی دینے کے اعلانات کئے ہیں۔
برطانیہ نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی مصنوعات پر مزید محصولات عائد نہ کرے، اس اقدام سے فریقین کو کاروباری نقصان ہو گا۔
یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کا نقطہ نظر کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل میں اضافہ کرسکتا ہے یہاں تک کہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او ) کے تحت اختیار کردہ اصولوں سے بھی آگے بڑھ سکتا ہے لہذا مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا یورپی یونین کی ترجیحات میں شامل ہے۔