لاہور چیمبر کا حکومت کے فلائٹ آپریشنز بحال کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

677

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے فضائی آپریشنز بحال کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کاروباری برادری اور معیشت کے لیے ایک ‘اچھی خبر’ قرار دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ایل سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو طویل عرصے بعد ایک حوصلہ افزا خبر ملی ہے کیونکہ کورونا وائرس کے سبب مارچ 2020ء سے تمام تر کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو روک دیا گیا تھا۔

مارچ کے آخر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان نے فضائی آپریشنز مارچ میں منسوخ کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا کیخلاف اقدامات، پاکستان کے 1.5 ارب ڈالر قرض کے معاہدوں پر دستخط

ای ایف پی کا کورونا کی سنگین صورتحال میں آکسیجن سلنڈرز درآمد کرنے کا مطالبہ 

صدر لاہور چیمبر کے مطابق “قومی و بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے پاکستان کی بیرونی تجارت کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی، حکومت کی جانب سے راہنمائی اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا وائرس سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔”

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس نے عالمی معیشت کو غیرمعمولی نقصانات پہنچایا ہے، عالمی تجارت کسی حد تک معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ ترقی پذیر ملک ہوتے ہوئے پاکستان کو بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی عالمی تجارت تیز کرنے کی ضرورت ہے، فضائی آپریشن کی بحالی سے کافی حد تک فرق پڑے گا۔

صدر ایل سی سی آئی نے تمام مقامی و بین الاقوامی ائیرلائنز سے حکومتِ پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی درخواست کی، انہوں نے حکومت سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے برآمدکنندگان کو مکمل طور پر سہولیات دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

عرفان شیخ نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مئی میں ملک میں 1.39 ارب ڈالر کی مرچنڈائز برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ کئی سالوں کی نسبت 34 فیصد کم ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگر اپنی معیشت کو بہتر بنانا ہے تو برآمدات کو بڑھانے کی جانب توجہ دینا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here