اسلام آباد: وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹل بلاک ضلع کوہاٹ میں آئل فیلڈز سے تیل اور گیس کی سپلائی رکوانے کی غرض سے احتجاج کے لئے لوگوں کو اکسانے کے معاملے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور کہا ہے کہ تیل و گیس تنصیبات کے 2 کلو میٹر کے احاطے میں احتجاج خلاف قانون ہے۔
ایک بیان میں ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ سیکرٹری پٹرولیم نے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں خیبرپختونخوا حکومت کی توجہ اس معاملے کی طرف دلائی گئی ہے اور درخواست کی ہے کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ ایسی کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو جس سے تیل اور گیس تنصیبات سے تیل اور گیس کی سپلائی متاثر ہو۔
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری پٹرولیم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے درخواست کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کریں کہ ٹل بلاک سے تیل اور گیس کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ترجمان نے کہا کہ وزارت توانائی ملک میں تیل اور گیس کی تلاش و پیداوار کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، اس حوالے سے کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو گیس کی فراہمی اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لئے فنڈز مختص کئے ہیں۔