برلن: جرمنی کی چارٹرڈ ایئر لائن کونڈر نے اپنے 25 فیصد تک ملازمین فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ کورونا لاک ڈاﺅن کے باعث پیدا ہونے والی مالی مشکلات ہیں۔
ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو رالف ٹیکنٹرپ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ دنیا کی دوسری ایئرلائنز کی طرح کونڈر بھی کورونا وائرس لاک ڈاﺅن سے بری طرح متاثر ہوئی ہے، کئی ہفتوں سے فضائی سرگرمیوں کے تعطل کے باعث ایئرلائن کو سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کا خاتمہ 2024ء کے آخر تک ممکن ہوسکے گا۔
اس لیے ادارے کے 15 سے 25 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی تعداد 650 سے 1 ہزار بنتی ہے۔ یاد رہے کہ جرمنی کی وفاقی اور ریاست حیسی کی حکومتوں نے ایئرلائن کو اپریل میں 550 ملین یورو بطور قرض دینے کا وعدہ کیا تھا۔
اس سے قبل جرمنی کی لفتھانسا ایئر کورونا لاک ڈاﺅن سے پیدا ہونے والے مالی مسائل کے باعث 22 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان کر چکی ہے، کمپنی کے مطابق کورونا لاک ڈاﺅن کے نتیجے میں اس کی سرگرمیاں معطل ہونے سے شدید مالی مسائل درپیش ہیں، بعض ملکوں نے لاک ڈاﺅن نرم کیا جارہا ہے تاہم مستقبل قریب میں بھرپور فضائی سفر کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان نہیں۔
لفتھانسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بحران کے خاتمے پر مسافروں کی عدم یا کم دستیابی پر کم از کم 100 طیارے معمول سے کم چلائے جائیں گے جس سے اندرون و بیرون ملک موجود 22 ہزار ملازمین زیادہ ہونے پر فارغ کردیے جائیں گے۔
رواں ماہ کے آغٓاز میں لفتھانسا ائیر نے پہلی سہ ماہی کی مالیاتی کارکردگی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق جرمن ائیر لائن کو پہلی سہ ماہی کے دوران 2.1 ارب یورو (2.3 ارب ڈالر) خسارہ ہوا تھا جس کی وجہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں تعطل بتایا گیا تھا۔