لاہور: وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) 2 روپے فی کلو سے کم کرکے 1.75 روپے فی کلو کر دی ہے جس کے بعد سیمنٹ کی 50 کلوگرام بوری کی قیمت میں ساڑھے 14 روپے کمی کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق 0.25 روپے فی کلوگرام کمی کے حساب سے سیمنٹ کی 50 کلوگرام کی بوری پر 12.5 روپے بچت ہو گی، جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی مد میں مزید 2 روپے بچت ہوگی جس سے 50 کلو گرام والی بوری پر ساڑھے 14 روپے کی بچت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے:
مئی میں سیمنٹ کی فروخت میں 37 فیصد کمی
سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 7 فیصد، برآمدات میں 26 فیصد اضافہ
اس سے قبل 50 کلو گرام سیمنٹ کی بوری پر 100 روپے ایف ای ڈی عائد تھا جس سے قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا تھا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین اعظم فاروقی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے سے سیمنٹ سیکٹر خوش ہے لیکن مذکورہ ڈیوٹی ایک ساتھ کم نہ کرنے سے سیکٹر کو مایوسی ہوئی ہے، سیمنٹ پر ایکسائز ڈیوٹی کا کوئی جواز نہیں ہے، امید ہے حکومت مذکورہ ڈیوٹی کو جلد از جلد بالکل ختم کردے گی۔