یورپ کو پاکستانی آم کی برآمدات میں 80 فیصد کمی

آم کی برآمدات میں کمی کا بنیادی سبب فضائی سفر کے اخراجات میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے، ایئر فریٹ کے اخراجات 520 تا 560 روپے فی کلو تک بڑھ چکے ہیں

594

اسلام آباد: رواں سیزن کے دوران یورپی ممالک کو پاکستانی آم کی برآمدات میں 80 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔ آم کی برآمدات میں کمی کا بنیادی سبب فضائی سفر کے اخراجات میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔ ایئر فریٹ کے اخراجات 520 تا 560 روپے فی کلو تک بڑھ چکے ہیں۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبلز ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز اینڈ مرچینٹس ایسوسی ایشن (اے پی ایف وی اے) کے پیٹرن انچیف وحید احمد نے کہا ہے کہ آم کے حالیہ برآمدی سیزن کے دوران برآمدات کا حجم 80 ہزار ٹن تک کم ہونے کا خدشہ ہے جبکہ گزشتہ سال ایک لاکھ 30 ہزار ٹن آم برآمد کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں یورپی ممالک کو آم کی برآمدات میں 80 فیصد کمی متوقع ہے کیونکہ فضائی سفر کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

گزشتہ سال آم کے برآمدی سیزن کے دوران یورپی ممالک کے لئے بذریعہ ہوائی جہاز 174 روپے فی کلو اخراجات آئے تھے جبکہ رواں سال آم کی بذریعہ ہوائی جہاز ترسیل کے اخراجات 520 تا 560 روپے فی کلو تک بڑھ چکے ہیں جس کی وجہ سے یورپی ممالک تک آم کی ترسیل مشکل ہے۔

وحید احمد نے کہا کہ گزشتہ سال جون کے آغاز پر یورپ، ناروے اور برطانیہ کو بڑی مقدار میں برآمدات شروع ہو گئی تھیں جبکہ رواں سیزن میں برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ آم کی درآمد پر اخراجات میں اضافہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ ہوائی جہاز کے ذریعے آم کی شپمنٹ کے نرخوں میں اضافہ برآمدات میں کمی کا بنیادی سبب ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here