اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہارڈ ویئر میٹریل فراہم کرنے والے 47 سپلائزر کو شوکاز نوٹسز جاری کئے ہیں، یہ نوٹسز مسابقتی ایکٹ 2010ء کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی پر جاری کئے گئے ہیں۔
سی سی پی کے بیان کے مطابق کمیشن نے سامان کی فراہمی کے ٹینڈرز میں حصہ لیتے ہوئے مسابقتی قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر ان سپلائزر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، فراہم کیا گیا سامان بجلی کی تقسیم میں استعمال کیا جاتا ہے۔
دوران تحقیقات ڈسکوز سے خریداری کے عمل کا ریکارڈ طلب کیا گیا اور سامان کا معائنہ بھی کیا گیا تاکہ سپلائزر کے فراہم کردہ سامان اور ٹینڈر میں شمولیت میں مبینہ خلاف ورزی کا جائزہ لیا جا سکے۔
دوران تحقیقات ٹینڈر میں شمولیت کیلئے قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے اور سامان کی کم یا زیادہ فراہمی کی اجازت دینے کے تضادات اور قانون سے ہٹ کر معاونت لینے پر سپلائزر کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس حوالہ سے آئی ایم ایف نے بھی شکایت کی تھی کہ ٹینڈر کے اجراء اور سامان کی فراہمی کے باعث مختلف ترقیاتی منصوبوں پر 30 فیصد نقصان کا خدشہ ہے۔ سال 2015ء تا 2018ء کے دوران قومی خزانہ کو 5 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
دوران تحقیقات سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں سپلائزر کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں تاکہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔