کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا، کاروبار کے اختتام پر 517 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 34611 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروبار میں مندی کی وجہ وفاقی بجٹ کے باعث سرمایہ کاروں کا محتاط ہونا ہے۔
جمعہ کے کاروباری روز کا آغاز ہوتے ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں مندی دیکھنے میں آئی اور 624 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 34503 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ تاہم، کاروبار کا اختتام 517 پوائنٹس کمی سے 34611 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس 890 پوائنٹس کمی سے 55130 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 307 پوائنٹس کمی سے 24703 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروبار کے دوران 77 کمپنیاں مثبت جبکہ 202 منفی رجحان میں نظرآئیں۔
مجموعی کاروباری حجم گزشتہ سیشن (جمعرات) کے مقابلے میں 269.30 ملین سے کم ہو کر 177.76 ملین رہ گئے۔ ازگرڈ نائن لمیٹڈ، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ اور یونیٹی فوڈز لمیٹڈ کاروباری روز کے دوران سرِفہرست نظر آئے۔
کےایس ای 100 انڈیکس میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کے شعبے مندی کا باعث بنے۔ دیگر کمپنیوں کے مابین آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ اور ایم سی بی بینک لمیٹڈ نے بھی کاروبار پر منفی اثرات مرتب کیے۔