پیرس: انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن(آئی اے ٹی اے) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء کے باعث رواں سال انٹرنیشنل ایئر لائنز کو مجموعی طور 84 بلین ڈالر کے خسارے کا سامنا ہو گا۔
290 رکنی عالمی ادارے آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الگزینڈر ڈی جونیک نے ایک کانفرنس میں کہا ہے کہ 2020 میں عالمی سطح پر ایئر لائنز کو ایوی ایشن کی تاریخ کے بدترین 84 بلین ڈالر کے خسارہ ہو گا جبکہ اس کے مابعد اثرات ان کو 2021 میں بھی 16 بلین ڈالر کے خسارے سے دوچار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نقصان اس سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہے جب 2008/2009 میں ایوی ایشن کو عالمی کساد بازاری سے 31 بلین ڈالر خسارہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے بیل آؤٹ منصوبوں کے باوجود ایئر لائنز کے قرضہ جات کے بوجھ میں 120 بلین ڈالر سے 550 بلین ڈالر اضافہ ہو جائے گا جو 2021 میں آنے والی متوقع آمدنی کے 92 فیصد کے مساوی ہو گا۔ انہوں نے رواں سال ایوی ایشن انڈسٹری کے لئے گرھن (ایپو کلِپس) قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمدنی میں 55 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
فرانس کا ایروسپیس انڈسٹری کیلئے 15 بلین یورو بحالی پیکیج کا اعلان
دوسری جانب فرانس نے کورونا وائرس کی وباء کے باعث تباہی سے دوچار اپنی ایروسپیس انڈسٹری کے لیے 15 ارب یورو (22.7 ارب ڈالر) کے بحالی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کی حکومت کے مطابق وہ نہیں چاہتے کہ ائربس اور ائرفرانس جیسی کمپنیاں عالمی مسابقتی پوزیشن سے باہر ہو جائیں۔
بحالی پیکج کے بدلے شرط رکھی گئی ہے کہ بعد یہ کمپنیاں الیکٹرک، ہائیڈروجن اور کم کاربن اخراج والے طیاروں کی پیداوار کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گی۔ حکومت فرانس دنیا کی شفاف ترین ایوی ایشن انڈسٹری رکھنے والے ملک کا اعزاز حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے جس کے تحت حکومت اور متعلقہ کمپنیوں کی یونینز کے ساتھ جاب سکیورٹی کے معاملات کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔
ایرو سپیس اور ایوی ایشن انڈسٹری کے لئے اربوں یورو کے فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے فرانس کے وزیر خزانہ برونو لی ماری نے کہا ہے کہ ہماری قومی خودمختاری اور سالمیت، روزگار اور معیشت کے لیے ہماری صنعت انتہائی درجہ رکھتی ہے۔ اعلان کے وقت ان کے ہمراہ فرانس کے وزراء ٹرانسپورٹ،دفاع اور ماحولیات بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس فنڈ میں حکومت کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری، سبسٹڈیز، قرضہ جات اور قرضہ ضمانتیں سب شامل ہوں گی اور ایئر بس جیسے بڑے صنعتی مینوفیکچررز ادارے چھوٹے سپلائرز کا سہارا بنیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سات ارب یورو، جو تقریبا 10.6 ارب ڈالر کے برابر ہیں، قرضہ جات اور قرضہ جات کی ضمانتوں کی مد میں ائر فرانس کو دے گی جن کے تقریباً تمام طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں۔
فرانسیسی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ائیربس کی عالمی مسابقتی پوزیشن کو بھی امریکہ کے بوئنگ اور چین کے کومیک کے آگے جھکنے نہیں دیں گے جس کے لیے ایئر بس میں جدید ہائے بریڈ یا ہائیڈروجن طیارے کی پیداوار کے لیے سرکار سرمایہ کاری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کا عمل طویل المدت ہے،2023 میں جا کر ہماری انڈسٹری پہلی والی جگہ پر واپس آ سکے گی۔ وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے ائر بس نے اپنی پیداوار کو 35 سے 40 فیصد تک کم کر دیا تھا۔