طبی مراکز کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت پانچ ارب روپے کے قرضہ جات کا اجراء

284

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، فارمیسیز اور قرنطینہ سہولیات کے قیام کیلئے سٹیٹ بینک کی ری فنانس سکیم کے تحت اب تک 5.062 ارب روپے کے قرضہ جات کا اجرا کر دیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اس سکیم کا کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا، سکیم کا مقصد وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، طبی مراکز اورفارمیسیز کی استعدادکارمیں اضافہ اور قرنطینہ سہولیات کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اس سکیم کے تحت اب تک 39 ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیز کی جانب سے 7.306 ارب روپے مالیت کی 39 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 24 درخواستوں کی منظوری دی گئی اور ان ہسپتالوں و طبی مراکز کو 5.062 ارب روپے کے قرضوں کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

مرکزی بینک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتال اورطبی مراکز کے لئے قرضہ کی حد 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی ہے۔

سٹیٹ بینک بینکوں کو یہ سکیم بلا سود فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگر بینکوں، ہسپتالوں یا طبی مراکز کو 3 فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کررہے ہیں۔ سکیم کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پرسہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here