سی ڈی ڈبلیو پی، 19 ارب کے 7منصوبوں کی منظوری، صحت کے دو منصوبے ایکنک کو بھجوا دئیے

498

اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ  پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 19 ارب روپے مالیت کے سات منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ  32.17ارب روپے کے دو منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنیک بھجوا دیئے گئے ۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، پلاننگ کمیشن کے سینئر حکام ، وفاقی و صوبائی وزارتوں کے نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے صحت سے متعلق دو منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیے۔

خیبرپختونخوا میں انسانی وسائل کی ترقی کیلئے صحت اور تعلیم کے دو منصوبے جن کی لاگت بالترتیب 13.26 ارب روپے اور18.91 ارب روپے ہے، کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک بھجوا دیا گیا ہے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تین منصوبے منظور کیے گئے جن میں سے 72 کروڑ روپے کے پہلے منصوبے کے تحت لاہور، کراچی اور پشاور میں پی سی ایس آئی آر حلال لیبز کی اپگریڈیشن کی جائے گی جبکہ 1.64 ارب روپے کے دوسرے منصوبے کے تحت ملتان میں پی سی ایس آئی آر لیب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق 33.6 کروڑ روپے لاگت کی پی سی ایس آئی آر اسلام آباد کی بائیو فیسیلٹی کی آٹومیشن اور پروسیس کنٹرول کو ڈیجیٹل کرنے کے منصوبے کی فیزیبلیٹی تیار کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

سی ڈی ڈبلیو پی نے ورلڈ بینک کے 23 کروڑ ڈالر کے فنانسنگ منصوبے کے کانسپٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے،  قومی تعلیمی ایکشن پلان برائے کووڈ 19 منصوبہ کے تحت 20 کروڑ ڈالر قرض جبکہ 3 کروڑ ڈالر گرانٹ کی صورت میں دیئے جائیں گے۔

اس منصوبے سے ملک بھر کے سکولوں میں تدریسی عمل کی بحالی، طلباء اور اساتذہ کی صحت کی حفاظت ، قومی اور صوبائی تکنیکی استعداد کار برائے تجزیہ ، تحقیق اور منصوبہ سازی میں بڑھوتری سے فوری اور موثر اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

سندھ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ورلڈ بنک کے 10 کروڑ ڈالر کے کانسپٹ پروپوزل کو بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

شعبہ تعلیم سے متعلق دو منصوبوں کو منظور کیا گیا، 6.9 ارب روپے مالیت کے پہلے منصوبہ میں اسلام آباد میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکشن کے تحت تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، 3.8 ارب روپے مالیت کے اسلام آباد میں تعلیمی شعبے میں وزیر اعظم اصلاحات کے پروگرام کے فیز ٹو میں 200 تعلیمی اداروں کی بحالی کی جائے گی۔

اسی طرح سی ڈی ڈبلیو پی نے ٹرانسپورٹ اور مواصلات سے متعلق 3.050 ارب روپے کے ایک منصوبے کو منظور کیا ہے جس کے تحت زیارت ، دالبدین، چاغی سے بالانوش تک 77 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے گی۔

مزید برآں آبی وسائل سے متعلق ضلع خضدار میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے تین روپے کے منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here