اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تمباکو کے پتے پر ایڈوانس فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی آئندہ مالی سال 2020-21ء تک 10 روپے ہی برقرار رہے گی۔
گزشتہ روز ایف بی آر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں بتایا کہ تمباکو کے کاشتکاروں پر ایڈوانس ایف ای ڈی کے اضافے کے خطرے اور ٹیکس کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایڈوانس ایف ای ڈی کو 10 روپے سے 500 روپے بڑھانے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایف بی آر نے حکومت کیلئے مزید بالواسطہ محصولات پیدا کرنے کیلئے مکمل طور پر ایڈجسٹمنٹ ٹیکس کو 10 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کرنے کی نجی شعبے کی تجویز پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی تاہم تمام حقائق اور کسانوں پر ہونے والے ممکنہ منفی اثرات کو دیکھنے کے بعد ایف بی آر نے فیصلہ کیا کہ تمباکو کے پتے پر ایڈوانس ایف ای ڈی کے لئے موجودہ شرع متعین رہے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے دوران حکومت کی مالی اعانت کے لئے سگریٹ پر اضافی ٹیکس کی تجویز کی سفارش کی۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایف بی آر کو سگریٹ اور درآمد شدہ تمباکو پر ٹیکس بڑھانا چاہئے کیونکہ پاکستان تمباکو کنٹرول پر ڈبلیو ایچ او فریم ورک کنونشن کا دستخط کنندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سگریٹ اور امپورٹڈ تمباکو پر پوری دنیا اور خطے میں بھاری ٹیکس عائد کیا جاتا ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ پاکستان میں اس کی قیمتیں بدترین سانس کی وباء کے باوجود ابھی بھی سب سے کم ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے سفارش کی کہ ایف بی آر ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے اپنے نفاذ کے طریقہ کار کو مضبوط بنائے اور سٹیک ہولڈرز کے مشاورتی عمل میں جفاکش کسانوں کو نظرانداز نہ کریں۔
اسد قیصر نے زور دے کر کہا کہ کسانوں کے استحصال سے پاکستان کا زراعت کا شعبہ تباہ ہو چکا ہے، اس لیے تمباکو کی فصل پر ٹیکس پالیسی کا تجزیہ کرنے سے پہلے، تمباکو کی نشوونما کرنے والے اضلاع کے معاشی ڈھانچے کو چھوٹے زمینی علاقوں اور ایک ہی نقد فصل کو معاش کے ذریعہ سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔ تمباکو کے کاشت کار، بہت کم یا کسی بھی سودے بازی کی طاقت کے ساتھ، بڑی بین الاقوامی اور مقامی تمباکو کمپنیوں کے مابین اس دوڑ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار اصولی طور پر کھیت میں محنت کرتے ہیں لیکن وہ اپنی محنت کا ثمر نہیں اٹھا سکتے کیونکہ انہیں بدستور منڈیوں اور غیر دوستانہ پالیسیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کے جائز منافع سے محرومی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اچھی پالیسی حتمی مصنوعات کو ویلیو چین میں ٹیکس لگانے کا حکم دیتی ہے اور اس معاملے میں ٹیکس وصول کرنے کا بوجھ سگریٹ کے آخری صارف کو منتقل کرنا چاہئے۔
تمباکو کے کاشتکاروں نے کمیٹی کو بتایا کہ تمباکو کی فصل 35,000 سے زیادہ گھرانوں کی روزی اور معاش کا ذریعہ ہے اور ٹیکس کی سابقہ پالیسیوں نے اس صنعت میں کم قیمتوں کے ذریعہ کاشتکاروں کے مفاد کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کی معاشرتی غربت پر اس کے اثرات پر غور کیے بغیر محض تعداد کے حامل پالیسیاں ان کی مایوس کن مالی حالت کو اور بڑھا سکتی ہیں۔