اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی ندیم بابر نے ملاقات کرکے پٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کے عمل میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سیکٹر میں ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔
اس سے قبل بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں درآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نقصان سے بچنے کیلئے معاون خصوصی ندیم بابر کی قیادت میں کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، کمیٹی میں سٹیٹ بنک، پاکستان سٹیٹ آئل، وزارت خزانہ، وزارت قانون اوروزارت منصوبہ بندی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کمیٹی ایک یا دو سالوں کیلئے موجودہ برینٹ کے سٹاک قیمت، جب تک فیس قابل قبول حد کے اندرہوں، 12 برابر ماہانہ مقدار کے حساب سے 15 ملین بیرل خام تیل کی خریداری کیلئے مخلتف کال آپشنز کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی کے قواعد وضوابط، جس میں مستقبل میں پیش رفت کی صورت میں تبدیلی کی جاسکی گی، کے تحت پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کاونٹر پارٹی کے طورپر کام کرے گی جبکہ وزارت خزانہ پی ایس او کی کارگردگی کی ضمانت دے گی۔
اسی طرح سٹاک قیمت کے حوالہ سے بھی کمیٹی اوگرا کو تیل کی ماہانہ قیمتوں کے تعین میں ایل این جی کی لاگت یا دیگر آئل پراڈکٹس کو شامل کرنے کے ضمن میں پالیسی ہدایات جاری کرے گی۔