اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کا مطلوبہ ذخیرہ برقرار نہ رکھنے پر چھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب کر لیا۔
اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے ایک بیان میں کہا کہ ان آئل مارکیٹنگ کمپنیون کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جن کے پاس تیل کا مطلوبہ ذخیرہ نہیں تھا اور اس کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں مسائل پیدا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شیل پاکستان لمیٹڈ، اٹک پٹرولیم لمیٹڈ اور ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ، گیس اینڈ آئل پاکستان، پوما اور ہسکول کو 24 گھنٹے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل کو اوگرا نے 33 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کو تحریری طور پر اپنے پٹرول پمپوں اور ذخائر میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (ایچ ڈی آئی پی) نے مختلف مقامات پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو چیک کیا جس میں پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ نہ کئے جانے یا صارفین کو ان کی دستیابی نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ایچ ڈی آئی پی نے اس سلسلہ میں اپنی ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی ہے جس میں یہ چیز سامنے آئی کہ بعض کمپنیوں کے پاس پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود تھا تاہم بعض کمپنیوں کے پاس پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ انتہائی کم پایا گیا جس کے بارے میں پٹرولیم ڈویژن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایچ ڈی آئی پی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے طلب کے مطابق پٹرول پمپوں کو وافر پٹرولیم مصنوعات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔
اوگرا نے پٹرولیم ڈویژن کو تجویز پیش کی کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ ذخائر کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے پٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی جائے۔