اسلام آباد: سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے 2 جون 2020ء سے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بی) پر شرح منافع میں کمی کی وجہ سے مختلف سیونگز سرٹیفکیٹس کی سرمایہ کاری پر شرح سود میں ایک فیصد کی کمی کر دی ہے۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے حکام کے مطابق سی ڈی این ایس کی شرح منافع پی آئی بی کے ساتھ منسلک ہے جو سٹیٹ بینک کی پالیسی ہے۔ بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس پر شرح منافع کو 10.32 فیصد سے کم کر کے 9.84 فیصد جبکہ پنشنرز بینی فٹ اکاؤنٹس کی شرح سود بھی 10.32 فیصد سے 9.84 فیصد کم کر دی گئی ہے اور یہی ریٹ شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر بھی نافذ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح سود 8.54 کی بجائے 8.05 فیصد تک اور ریگولر انکم سرٹیفکیٹس 8.28 سے 7.44 فیصد تک کم کی گئی ہے۔ سی ڈی این ایس کے زیر انتظام سرمایہ کاری کی دیگر مختلف سکیموں پر بھی شرح منافع میں کمی کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس اداروں کی سرمایہ کاری کو قبول نہیں کرتا بلکہ صرف ذاتی سرمایہ کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ ملک میں بچتوں کو فروغ حاصل ہو اور عوام کی بچت کے پیسہ کی قومی بچت کی مختلف سکیموں میں سرمایہ کاری کی جائے۔