اسلام آباد : وفاقی حکومت نے مالی سال 2019-20 میں پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 583 ارب روپے جاری کیے، اس ضمن میں 701 ارب روپے رکھے گئے تھے۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبوں کے لیے 244.2 ارب روپے، سرکاری کارپوریشنز کے لیے 194.18 ارب روپے جبکہ خصوصی علاقوں کے لیے 43.56 ارب روپے جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا، لاک ڈائون، معاشی گراوٹ کے باوجود چین کے بڑے بنکوں کی مالی کارکردگی بہتر، منافعے میں اضافہ
چین : کورونا قابو میں مگر برآمدات خطرناک حد تک گر گئیں
بجٹ 2021-21 : وفاقی حکومت کا صرف مخصوص شعبوں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ
مزید برآں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے رکھے گئے 53 ارب روپے میں سے 49.73 ارب روپے جاری کیے گئے۔
فنانس ڈویژن کے لیے 97.64 ارب روپے جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے لیے 28.28 ارب روپے جاری ہوئے۔ ہائیر ایجوکیشن کیلئے حکومت نے 29 ارب روپے مختص کیے تھے۔
رواں مالی سال میں اب تک پاکستان نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 270.47 ملین، ریونیو ڈویژن کے لیے 5.84 ارب جبکہ کابینہ ڈویژن کے لیے 34.16 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے بالترتیب 27.11 ارب اور 16.34 ارب روپے جاری کیے گئے۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے لیے 173.53 ارب روپے رکھے گئے تھے تاہم 167.70 ارب ہی جاری ہوسکے۔
سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت حکومت نے ریلوے ڈویژن کے لیے 8.67 ارب، داخلہ ڈویژن کے لیے 8.39 ارب جبکہ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اور کوآرڈی نیشن کے لیے 8 ارب روپے جاری کیے۔