بجٹ جائزہ اجلاس، وزیر اعظم کی سبسڈیز کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ہدایت

آئندہ مالی سال 2020-21ء بجٹ کے مقاصد اور ترجیحات پر غور، حکومت کے غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی، سبسڈیز اور مخصوص شعبوں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جائے: عمران خان

911

اسلام آباد: وزیراعظم عمران کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21ء بجٹ کے مقاصد اور ترجیحات پر غور کیا گیا۔

پیر کو یہاں منعقدہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر، منصوبہ بندی و ترقیات کے وفاقی وزیر اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، ادارہ جاتی اصلاحات کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کو مجموعی معاشی صورتحال اور آئندہ مالی سال 2020-21ء کے بجٹ کی ترجیحات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بعض اقتصادی مشکلات اور بالخصوص کورونا کی وباء کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جن کی وجہ سے حکومت صنعت کی بحالی اور شرح نمو میں اضافہ کے لئے زیادہ سے زیادہ مرعات کی فراہمی، حکومت کے غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی، سبسڈیز اور مخصوص شعبوں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

اجلاس کے دوران کورونا سے متاثرہ معیشت کی بحالی کی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ترقی کے عمل میں نجی شعبہ کی شراکت داری میں وسعت اور سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے فروغ کی تجاویز پر بھی خصوصی غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کورونا کی وباء نے ترقی کرتی اور استحکام کی جانب گامزن معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود کاورباروں اور انڈسٹری کی معاونت کے لئے بے مثال اقتصادی پیکج جاری کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے معاشی اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

آئندہ بجٹ کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صنعتوں کو ہر طرح کی ممکنہ سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سفر کو جاری رکھنے کے لئے ہر طرح کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان شعبہ جات کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ معاونت فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کے علاوہ ہر سطح پر غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی کا عمل جاری رکھا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے سبسڈیز کی فراہمی کے موجودہ نظام کے ازسر نو جائزہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبسڈیز سے بھرپور استفادہ کو یقینی بنانے کے ساتھ جہاں ضروری ہو مراعات دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال مخصوص شعبوں میں اصلاحات کی متقاضی ہے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کے علاوہ عام آدمی کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بھی ہدایت کی کہ موجودہ معاشی صورتحال اور مسائل سے نمٹنے کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں پاکستان کے عوام کو بھی آگاہی فراہم کی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here