وباء کے دنوں میں عوام کیلئے اچھی خبر، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی

پٹرول کی نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 80 روپے 15 پیسے، مٹی کا تیل 35 روپے 56 پیسے، لائٹ ڈیزل 38روپے 14 پیسے ہو گی، نوٹیفکیشن جاری 

901

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وباء کے دنوں میں مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے جون کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار کی رات بارہ بجے سے ہوگا۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 6 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 80 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 35 روپے 56 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 38 روپے14 پیسے ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافے کے رجحان کے باوجود عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب اوگرا ذرائع کے مطابق تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے ڈپوز سے پٹرول اور ڈیزل کی فروخت اور ذخیرہ سے متعلق (کل) پیر تک اپنے تین ماہ کا ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (ایچ ڈی آئی پی) نے ہفتہ کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ کرنے کے مقامات کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور یہ عمل منگل تک جاری رہے گا جبکہ 3 جون (بدھ) کو اس سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ اوگرا میں پیش کی جائے گی۔

تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو معائنے کے عمل کے دوران مکمل تعاون کرنے اور متعلقہ ریکارڈ کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here