اوٹاوا: کینیڈا کی ایک عدالت کے جج نے فیصلہ دیا ہے کہ ہواوے کی چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) مینگ وان ژو (Meng Wanzhou) پر امریکا کے ساتھ تحویل مجرمان کے مقدمے کو اگلے مرحلے میں لے جایا جائے۔
چین کی بڑی ٹیلی کام کمپنی کی مالیاتی افسر اعلیٰ کو امریکی درخواست پر دسمبر 2018ء میں کینیڈا میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں امریکہ کی عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے ساتھ کاروبار کرنے اور دھوکہ دہی کے الزامات کا سامنا ہے۔
امریکا میں جرم قرار دیے جانے والے اقدامات کینیڈا میں بھی غیر قانونی قرار دیے جانے تک انہیں کینیڈا کے قانون کے تحت امریکا کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
جنوری میں سماعت کے دوران مینگ وان نے موقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے کینیڈا کے قانون کے تحت کوئی جرم نہیں کیا، تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں ان کا موقف رد کر دیا۔