اسلام آباد: کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 10.14 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات کا حجم 229.632 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2018-19ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمد سے 255.556 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران کھیلوں کے سامان کی قومی برآمدات میں 25.924 ملین ڈالر یعنی 10.14 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کے مطابق اس دوران فٹ بالز کی برآمدات میں 3.19 فیصد کی کمی سے برآمدات کا حجم 127.371 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں 131.563 ملین ڈالر برآمدات کی گئی تھیں۔
اسی طرح دستانوں کی برآمدات بھی 23.99 فیصد کی کمی سے 82.488 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 62.699 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں اور کھیلوں کے سامان کی دیگر متفرق برآمدات بھی 4.68 فیصد کی کمی سے 41.505 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 39.562 ملین ڈالر تک کم ہوئی ہیں۔