دو وقت کی روٹی مزید مہنگی ، آٹے کے بیس کلو کے تھیلے کی قیمت میں اضافہ

فلور ملوں نے آٹے کے بیس کلو والے تھیلے کی قیمت میں من چاہا اضافہ کردیا، وجہ گندم کی کمی اور قیمت میں اضافہ بتایا جا رہا ہے، فلور ملوں سے مذاکرات کریں گے بات نہ بنی تو حکومت اپنے طریقے سے معاملہ دیکھے گی: علیم خان

538

لاہور : ملک میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، فلور ملوں نے مہنگائی میں پسی عوام کی مشکلات بڑھا دیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کردیا جس سے اس کی قیمت 920 روپے ہوگئی ہے۔

مزید برآں 20 کلو والے آٹے کے تھیلے کی ایکس مل پرائس بھی 900 روپے کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

صوبائی حکومتیں گندم بحران اور نقصانات سے متعلق وفاق کو رپورٹ جمع کرانے میں ناکام

چینی کمیشن کی رپورٹ کسی کو پھنسانے کی کوشش؟ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے تحقیقات مسترد کر دیں

گوادر کی بندرگاہ پر پہلے تجارتی بحری جہاز کی آمد

پرافٹ اردو سے گفتگو میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدل الرؤف کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں فی من گندم کی قیمت 1600 روپے سے بڑھ گئی ہے لہذا مہنگی گندم خرید کر آٹا حکومتی نرخوں پر کیسے فروخت کیا جائے ؟

انکا کہنا تھا کہ گندم کی ٹرانسپورٹیشن پر پابندی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی مزید برآں محکمہ خوراک کی جانب سے ملوں کو گندم جاری نہ کرنے سے حالات مزید خراب ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملوں کے پاس تین دن سے بھی کم کی گندم ہے ایسے میں اگر صورتحال کو معمول پر لانا ہے تو محکمہ خوراک کو گندم کا اسٹاک جاری کردینا چاہیے۔

اُدھر پنجاب کے سینئروزیر علیم خان کا کہنا تھا کہ گندم کی کوئی کمی نہیں ہے اور عوام کو گندم اور آٹے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کے حل کے لیے حکومت فلور ملوں سے بات کرے گی اور وہ پُر اُمید ہیں کہ مسئلہ حل ہوجائے گا لیکن ایسا نہ ہوا تو پھر حکومت اپنے طریقے سے معاملے کو دیکھے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here