طیارہ حادثہ، حقائق اور تفصیلات سے عوام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا: وزیر اعظم

متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کیلئے پیکیج تیارکرنے، ماضی میں ہونے والے فضائی حادثوں کی رپورٹس  منظر عام پر لانے کی ہدایت

626

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری اور واقعہ سے جڑے حقائق کو منظر عام پر لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، افسوسناک واقعہ کی تحقیقات میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے، حقائق اور تفصیلات سے عوام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت پی آئی اے مسافر طیارہ حادثہ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کی  بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن حسن ناصر جامی، چیف ایگزیکٹو پی آئی اے ایئر مارشل ارشد محمود ملک و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیرِاعظم عمران خان کو طیارہ حادثہ کی تحقیقات، حادثہ کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کو یقینی بنانے کیلئے ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کئے جانے اور اب تک کی پیشرفت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِاعظم عمران خان نے طیارہ حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر یہ حادثہ قوم کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم حکومت متاثرین کو یقین دلاتی ہے کہ اس افسوسناک واقعہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ حادثہ کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری اور واقعہ سے جڑے حقائق کو منظر عام پر لانے کیلئے کوئی کسر روا نہ رکھی جائے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں سامنے آنے والے تمام حقائق  اور تفصیلات سے عوام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ماضی میں ملک میں ہونے والے ہوائی حادثوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ماضی میں ہونے والے تمام حادثوں کی رپورٹس بھی منظر عام پر لائی جائیں تاکہ عوام کو اس حوالہ سے حقائق سے آگاہی میسر آ سکے۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ شہید ہونے والے مسافروں کے خاندانوں کو ہر ممکنہ سہولت اور معاوضہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ان متاثرین کو بھی معاوضہ ادا کرنے کیلئے پیکیج تیار کیا جائے جن کے گھر یا املاک اس حادثہ سے متاثر ہوئی ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سول ایوی ایشن، پی آئی اے، متعلقہ اداروں اور ہوائی سفر سے منسلک عوامل میں اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here