کراچی: عید الفطر کی چھ سرکاری چھٹیوں کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز منفی رجحان میں ہوا، جمعرات کے کاروباری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں اتار چڑھاؤ رہا لیکن کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا۔
جمعرات کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز ہوا تو انڈیکس میں 238 پوائنٹس کمی ہوئی جس سے انڈیکس دن بھر کی 33 ہزار 598 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ تاہم، انڈیکس میں واضح سمت کی کمی کی وجہ سے یہ 141 پوائنٹس کمی کے ساتھ 33 ہزار 695 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس 315 پوائنٹس کمی سے 54 ہزار 785 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 73 پوائنٹس خسارے سے 24 ہزار 306 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروبار کے دوران 133 کمپنیاں مثبت جبکہ 141 کمپنیاں منفی زون میں نظر آئیں۔
مجموعی طور پر مارکیٹ حجم عید سے قبل کے سیشن کے دوران 147.2 ملین شئیرز سے بڑھ کر 194.74 ملین شئیرز ہو گئے تھے۔ اوسط تجارتی قدر بھی 36.4 ملین ڈالر سے بڑھ کر 45.1 ملین ڈالر یعنی 25 فیصد اضافی ہو گئی تھی، ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور یونیٹی فوڈز لمیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر نمایاں رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں مندی کا سبب بننے والے شعبوں میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور کھاد کے سیکٹر شامل ہیں۔ دوسری کمپنیوں کے مابین آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور پاک پیٹرولیم لمیٹڈ نے انڈیکس پر منفی اثر ڈالا۔