اسلام آباد: عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے تناظر میں پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ پروگرام کے تحت عالمگیر وبا کے اثرات کے تناظر میں صحت عامہ، تعلیم، خواتین کیلئے اقتصادی مواقع کی فراہمی اورسماجی تحفظ کے نظام کومضبوط بنانے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورنگ ہیومن انویسٹمنٹ ٹو فوسٹرٹرانسفرمیشن (شفٹ) پروگرام کے تحت کوروناوائرس کی وبا کے تناظرمیں انسانی سرمایہ کے تحفظ کیلئے پالیسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
پروگرام کے تحت پولیو اور دیگر بیماریوں کی روک تھام میں وفاق اورصوبوں کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ شفٹ پروگرام کے ذریعہ ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو امداد کی فراہمی کے ضمن میں حکومت پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگو پیچوموتونے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پاکستان میں معمول کی زندگی متاثرہوئی ہے، اس سے نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں بلکہ انسانی سرمایہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پروگرام سے صحت عامہ اورسماجی تحفظ کے حوالہ سے خدمات کی عالمگیریت کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ پروگرام کی ٹاسک ٹیم کی لیڈرکرسٹینا پناسکو سانتوز نے بتایا کہ پاکستان کی کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کی اہلیت و اہمیت کا انحصاراس بات پرہے کہ پاکستان کتنے کم عرصہ میں موثر طریقے سے سماجی تحفظ کے پروگرام کو معاشرے کے پسماندہ اورغریب طبقات تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کے اس پروگرام سے احساس پروگرام اورصوبائی حکومتوں کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کومربوط بنانے اوراس کے ثمرات معاشرے کے ٖغریب اورکمزورطبقات تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ اس پروگرام کیلئے انٹرنیشل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن مالی معاونت فراہم کرے گی، پروگرام کی میچوریٹی کی مدت 30 سال ہے جس میں 5 سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔