اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کورونا ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کی مد میں استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایک اخباری رپورٹ کے مطابق کورونا ریلیف فنڈ کا استعمال پاکستان انرجی سکوک II پر چھ ماہ کے لیے سود کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
پانچ لاکھ قرض داروں کا سٹیٹ بنک کی ری شیڈولنگ سکیم سے استفادہ
جاپانی ریل کمپنیاں پاکستان ریلویز میں سرمایہ کاری کے لیے تیار
اس اجلاس میں کورونا فنڈ کو احسن انداز میں چلانے کے لیے وزیراعظم کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔
اس کمیٹی کے ارکان میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، اور مشیر برائے کورونا امداد خورشید عالم شامل ہونگے۔
یہ کمیٹی کورونا فنڈ میں جمع ہونے والی رقم کے صحیح استعمال اور اس کے مستحقین کی نشاندہی کرنے، امداد کی ترسیل کا نظام وضع کرنے اور عطیات کے حصول اور متعلقہ معاملات کی ذمہ دار ہوگی۔