لیکویڈیٹی ایشوز کے حل کیلئے ٹیکس ریفنڈز ادائیگی میں تیزی لائی جائے گی: چیئر پرسن ایف بی آر

آئی سی سی آئی کی بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے گا، نوشین جاوید امجد کی صدر اسلام آباد چیمبر سے ملاقات میں گفتگو

619

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی چیئرپرسن  نوشین جاوید امجد نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی ارسال کردہ بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے گا کیونکہ تاجر برادری کی تجاویز نئے وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید سے گفتگو کرتے ہوئے نوشین جاوید امجد نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کے لیکویڈیٹی ایشوز کو حل کرنے کیلئے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے عمل میں تیزی لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار اہم ہے اور ایف بی آر ان کو کاروبار کے فروغ کیلئے ٹیکس کے معاملات میں سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے تاجر برادری کے ٹیکس مسائل سے چیئرپرسن ایف بی آر کو آگاہ کیا اور ان کے حل  کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے کاروباروں اور صنعتوں کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے اور ان حالات میں ایف بی آر کو چاہئے کہ ٹیکس معاملات میں ایسے اقدامات اٹھائے جن سے کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں سہولت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسٹیل، کوکنگ آئل اور گھی، سٹیل ری رولنگ، رئیل اسٹیٹ، فرنیچر اور دیگر مختلف شعبوں کی مشاورت سے ایف بی آر کو جامع اور سیکٹر وائز بجٹ تجاویز ارسال کیں جن کو حتمی بجٹ میں شامل کیا جانا چاہئے تا تاجر و صنعتکار برادری کے ٹیکس مسائل بہتر انداز میں حل ہوں۔

محمد احمد وحید نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس ریفنڈز کی مد میں ایک بڑی رقم ایف بی آر کے پاس زیر التوا ہے جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کو لیکویڈیٹی ایشوز کا سامنا کرنا پڑا ہے اور تجویز دی کہ ایف بی آر ریفنڈز کی ادائیگی کے عمل کو تیز کرے یا قابل ادائیگی ٹیکس کے خلاف ان کی ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دے۔

انہوں نے کہا کہ قابل ادائیگی ٹیکسوں کے خلاف ٹیکس ریفنڈز کی ایڈجسٹمنٹ سے بزنس کمیونٹی کو خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب کہ وہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے اثرات کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں ان کو کافی ریلیف ملے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here