ٹوکیو: چینی بزنس ٹائیکون جیک ما (Jack Ma) سافٹ بینک گروپ کارپوریشن کے بورڈ سے دستبردار ہوگئے ہیں.
ٹوکیو سے تعلق رکھنے والے سافٹ بینک نے مالی نتائج جاری کرنے کے ساتھ جیک ما کے استعفے کا اعلان بھی کیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ جیک ما بورڈ سے علیحدہ کیوں ہو رہے ہیں۔
چینی ای کامرس کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما کورونا وائرس کی وبا کے دوران فلاحی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں اور وبا پر قابو پانے کی کوششوں کے لیے ماسکس، ٹیسٹنگ کٹس کے علاوہ دیگر طبی آلات بڑی مقدار میں عطیہ کر رہے ہیں۔
سافٹ بینک نے اپنے نئے بورڈ اراکین کا اعلان کر دیا ہے جن میں بینک کے چیف فنانشل آفیسر یوشی مٹشو گوٹو (Yoshimitsu Goto) اور یوکو کاواموٹو (Yuko Kawamoto) شامل ہیں۔
سافٹ بینک نے کہا ہے کہ وہ اپنے 500 ارب ین (4.7 ارب ڈالر) کے شئیرز دوبارہ سے خرید رہا ہے۔
سافٹ بینک علی بابا کمپنی میں بڑا سرمایہ کار ہے، جیک ما نے سافٹ بینک بورڈ میں 2007ء میں شمولیت اختیار کی تھی اور بینک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ماسایوشی سن (Masayoshi Son) سے قریبی تعلق رکھتے تھے۔