بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے چیلنج کے باوجود غیر ملکی تجارت میں اضافے کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ ملکوں کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا۔
یہ بات چین کے وزیر تجارت زونگ شان نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ چین کورونا وائرس کے باعث اپنی مصنوعات کی طلب میں کمی کے باوجود روایتی مارکیٹوں کے ساتھ تعلقات استوار رکھتے ہوئے نئی اور ابھرتی ہوئی منڈیوں کی تلاش جاری رکھے گا تاکہ تجارت کا حجم بڑھایا جاسکے۔
انھوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری سے اپریل (4 ماہ) کے دوران بیلٹ اینڈ روڈ ملکوں کے ساتھ اشیاء کی تجارت میں سالانہ بنیاد پر 0.9 فیصد اضافہ جبکہ مجموعی بیرونی تجارت میں 4.9 فیصد کمی ہوئی تاہم ان ملکوں میں مالیات سے ہٹ کر براہ راست سرمایہ کاری میں 13.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
نائب وزیر تجارت وانگ بنگنن نے کہا کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ ملکوں کے ساتھ 2013ء سے 2019ء کے درمیان اشیاء کی تجارت کا حجم 7.8 کھرب ڈالر سے زیادہ رہا جبکہ ان ملکوں میں رقم سے ہٹ کر سرمایہ کاری 110 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ تجارت کی بحالی کی سرگرمیاں عروج پر ہیں، اپریل کے دوران برآمدی کمپنیوں کی مصنوعات کی فروخت میں 17 فیصد اضافہ ہوا اور ایک لاکھ 10 ہزار کمپنیوں نے اس سلسلے میں چائنہ ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن کی خدمات سے استفادہ کیا۔