اسلام آباد: پاکستان اور عالمی بینک نے سماجی ترقی وتحفظ اور آبپاشی کے منصوبوں کے ضمن میں 371 ملین ڈالر مالیت کے دو معاہدوں پردستخط کردئیے۔
معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب پیر کو وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی، اقتصادی امورکے وفاقی وزیر خسرو بختیار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیرنے سماجی ترقیاتی پروگرام اور زرعی شعبے میں فنڈنگ پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا میں نظام آبپاشی کے منصوبے کیلئے عالمی بنک فنڈز فراہم کرے گا اس منصوبہ کی کل لاگت میں 171 ملین ڈالر ہے۔ آبپاشی کے منصوبہ کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع پر ہو گا۔
پاکستان اورعالمی بینک کے درمیان دوسرے معاہدے کے تحت بینک حکومت پنجاب کے سماجی پروگرام میں 200 ملین کی شراکت داری کریگا جس کی کل لاگت 330 ملین ڈالر ہے۔ سماجی ترقیاتی منصوبے میں بنیادی صحت، تعلیم اور مشروط نقد امدادکی منتقلی کے پروگرام شامل ہے۔
سماجی ترقیاتی پروگرام پنجاب کے 11 اضلاع میں شروع ہوگا جس میں جنوبی پنجاب کے 8 اضلاع بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے اس موقع پر کہا کہ غربت کا خاتمہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت شہریوں کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے، دونوں شعبوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
عالمی بینک کے پاکستان میں نمائندہ الانگو پیچوموتو نے کہا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعلقات استوار ہیں اور بینک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔