نیویارک: عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی خصوصی ویڈیو کانفرنس میں عالمی تجارتی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل رابرٹو ایزیویدو نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال 31 اگست یعنی اپنے عہدے کی مدت کے مکمل ہونے سے ایک سال قبل ہی باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
رابرٹو ایزیویدو نے ستمبر2013ء میں عالمی تجارتی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 2017ء میں وہ اس عہدے کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے اور 31 اگست 2021ء تک انہیں اس عہدے پر کام کرنا تھا۔
قبل از وقت عہدہ چھوڑنے کا سبب بتاتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا تعلق نہ تو ان کی صحت سے ہے نہ ہی وہ کسی سیاسی موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلاش میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ذاتی فیصلہ اور خاندان کا فیصلہ ہے۔ ان کو یقین ہے کہ یہ فیصلہ عالمی تجارتی تنظیم کے بہترین مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم ایک کامل ادارہ نہ ہو مگر یہ ایک ضروری ادارہ ہے۔ اس سے ہم کم از کم تجارتی شعبے میں ” جنگل کے قانون ” جیسی صورتِ حال سے بچ سکتے ہیں۔