اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے مجوزہ ”گلوبل ڈیٹ ریلیف” کے خدوخال سے جاپانی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ جاپان جی۔7 اور جی۔20 کا اہم رکن ہونے کے ناطے گلوبل ڈیٹ ریلیف کی تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
جاپان کے وزیر خارجہ توشی مِٹسو موٹیجی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور کورونا کی وبائی صورتحال سمیت اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران کورونا وائرس کی وبا کے چیلنج اور اس کے مضمرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جاپانی حکومت کی جانب سے کیے گئے بروقت اور مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث جاپان میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی وزیر خارجہ سے اظہار تعزیت کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ وبائی چیلنج اس صدی میں انسانیت کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وباء اور ٹڈی دل حملے کے دوران پاکستان کی معاونت پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ ایک طرف کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور دوسری جانب اپنے عوام کو بھوک سے بچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کورونا وباء کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور اس مشکل وقت میں، ترقی پذیر ممالک کیلئے معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے، وزیر اعظم عمران خان کے مجوزہ ”گلوبل ڈیٹ ریلیف” کے خدوخال سے جاپانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ جاپان جی۔7 اور جی۔20 کا اہم رکن ہونے کے ناطے، اس گلوبل ڈیٹ ریلیف، تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔