اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران ملکی برآمدات 12.17 فیصد اضافہ ہوا سے 2.88 کھرب روپے تک پہنچ گئی ہیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 مہینوں میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران مجموعی قومی برآمدات کا حجم 28 لاکھ 83 ہزار 787 ملین روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2018-19ء کے عرصہ میں برآمدات کا حجم 25 لاکھ 58 ہزار 582 ملین روپے رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران مجموعی برآمدات میں 3 لاکھ 25 ہزار 205 ملین روپے یعنی 12.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران برآمدات میں 46.62 فیصد کی کمی ہوئی ہے اور اپریل 2019ء کی دو لاکھ 94 ہزار 883 ملین روپے کی برآمدات کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران برآمدات کی مالیت ایک لاکھ 57 ہزار 412 ملین روپے تک کم ہو گئی۔
اسی طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران بھی برآمدات 45.23 فیصد کی کمی سے مارچ 2020 کی برآمدات دو لاکھ 87 ہزار 411 ملین روپے کے مقابلہ میں اپریل 2020ء میں ایک لاکھ 57 ہزار 412 ملین روپے تک کم ہو گئیں۔
جاری مالی سال کے دوران چاول، نیٹ ویئرز، بیڈ ویئرز، ریڈی میڈ گارمنٹس، سوتی کپڑے، سوتی دھاگے، مچھلی اور اس کی مصنوعات، گوشت اور اس کی مصنوعات سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔