امریکہ میں مزید 30 لاکھ افراد بے روزگار، کل تعداد پونے 4 کروڑ

مارچ کے وسط میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد پہلے ہفتے میں 33 لاکھ، دوسرے میں 69 لاکھ، تیسرے میں 66 لاکھ، چوتھے میں 52 لاکھ، پانچویں میں 44 لاکھ، چھٹے ہفتے میں 38 لاکھ اور ساتویں ہفتے میں 32 لاکھ امریکی شہری بے روزگار ہوئے

556

واشنگٹن: امریکہ میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت کا زوال جاری ہے اور محکمہ محنت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک بھر میں مزید 29 لاکھ 81 ہزار افراد بیروزگار ہوگئے ہیں۔ اس طرح دو ماہ میں ذریعہ آمدن سے محروم ہوجانے والوں کی تعداد 3 کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے مارچ کے وسط میں ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد پہلے ہفتے میں 33 لاکھ، دوسرے میں 69 لاکھ، تیسرے میں 66 لاکھ، چوتھے میں 52 لاکھ، پانچویں میں 44 لاکھ، چھٹے ہفتے میں 38 لاکھ اور ساتویں ہفتے میں 32 لاکھ شہری بے روزگار ہوئے تھے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس بحران میں مزید کم از کم ایک کروڑ افراد کی آمدنی کے ذرائع ختم ہوئے ہیں لیکن یا تو وہ بیروزگاری الاؤنس کے اہل نہیں یا ان کے پاس قانونی دستاویزات نہیں۔

محکمہ محنت کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ تمام ریاستوں میں یکساں انداز سے بیروزگاری بڑھی ہے اور ان ریاستوں میں بھی کمی نہیں آئی جہاں کاروبار کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔

کنیٹی کٹ میں گزشتہ ہفتے تین لاکھ افراد کا روزگار ختم ہوا۔ جارجیا میں یہ تعداد 2 لاکھ 41 ہزار اور فلوریڈا میں 2 لاکھ 21 ہزار رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here