سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں  رواں مالی سال کے دوران 5.5 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

656

اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے18.782 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 17.801 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے تھے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مال سال کے دوران ترسیلات زر  میں 5.5 فیصد یعنی 0.981 ارب ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کے دوران سعودی عرب اور امریکا سے ترسیلات زر کی وصولیوں میں بالترتیب 5 فیصد اور 21.27 فیصد اضافہ ہوا اور سعودی عرب سے 4.377 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ وباء سے ترسیلات زر کی وصولیاں زیادہ متاثر نہیں ہوئی ہیں اور ان میں معمولی کمی بیشی کے بعد دوران سال مجموعی بنیاد پر 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2020 ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران ترسیلات زر میں 104 ملین ڈالر کی کمی سے ترسیلات کی وصولی کا حجم 1.894 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.79 ارب ڈالر تک کم ہوا ہے جبکہ اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران ترسیلات زر میں 19.8 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا اور ترسیلات زر کی وصولی  1.79 ارب ڈالر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here