پنجاب آب اتھارٹی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے افسران نے قبلہ درست نہ کیا تو بے نقاب کروںگا: گورنر پنجاب

632

لاہور: گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈالنے والے بیوروکریسی کے متعلقہ افسران کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ رکاوٹیں ختم نہ ہوئیں تو آئندہ بدھ تک ایک ایک افسرکو قوم کے سامنے بے نقاب کروں گا، بیوروکریسی کی چند کالی بھڑیاں سمجھتی ہیں گندہ پانی پینے کی وجہ سے غر یبوں کے بچے مر رہے ہیں تو مر جائیں۔

منگل کو ڈی سی آفس لاہور میں سرور فاؤنڈیشن کے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نا میری زندگی کا مقصد ہے اور ہم صرف پنجاب ہی نہیں دیگر صوبوں میں بھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومتی سطح پر ہم ڈیڑھ سال سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی کا منصوبہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی میٹنگ میں میرے بارے میں یہ کہا تھا کہ میں پنجاب کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی دینے کے منصوبہ کو لیڈ کروں گا اور ہم پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے مگر مجھے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ بیورو کریسی کی چند کالی بھیڑیں لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بیوروکریسی سمجھتی ہے کہ اگر غر یب لوگ گندہ پانی پینے کی وجہ سے مر تے ہیں تو مر جائیں لیکن ہم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کو نہیں چلنے دینا جس کی وجہ سے ہمارے تقریبا دو  سال ضائع ہوچکے ہیں، اگر یہ رکاوٹیں نہ ہوتیں تو ہم اب تک پنجاب کے دو کروڑ لوگوں کو پینے کا صاف پانی دے چکے ہوتے۔

اُنہوں نے کہا کہ مَیں نے فیصلہ کیا ہے کہ بیورو کریسی کے ان لوگوں کیساتھ آئندہ چند روز میں میٹنگ کروں گا اگر یہ لوگ باز نہ آئے تو آئند ہ بدھ کو میں پریس کانفر نس میں قوم کو بتاؤں گا کہ بیوروکریسی کے کون سے لوگ پنجاب آب پاک اتھارٹی کی فائلز کو کہاں دبا کر رکھتے ہیں اور کیوں یہ لوگ غر یب کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے یہ بڑی تکلیف ہوتی ہے کہ جب غریب کے بچے گندہ پانی پینے کی وجہ سے ہسپتالوں میں مر رہے ہوتے ہیں مگر اس کے باجوو بیوروکریسی اپنا رویہ تبدیل نہیں کر رہی ہے اور پنجاب آب پاک اتھارٹی کے معاملات میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے، ایک فائل کبھی کسی دفتر اور کبھی کسی دفتر میں جاتی ہے اور کبھی کوئی اور رکاوٹ کھڑی کر دیتا ہے، ان کو کوئی خوف خدا نہیں، مَیں قیامت کے روز بیوروکریسی کے ان لوگوں کے گر یبان پکڑوں گا جو پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا میں اور پنجاب آب پاک اتھارٹی کا بورڈ بھی وزیر اعظم عمران خان کو اس ساری صورتحال کے بارے میں آگاہ کرے گا اور اب ہم لوگوں کے سامنے مزید بہانے نہیں بنا سکتے ہیں کہ کل پانی دیں گے پرسوں دیں گے میرے صبر کا پیمانہ لبر یز ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here