اسلام آباد: کاروباری کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم چین اسٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) اور اس کے رکن برانڈز نے 50 لاکھ کاٹن فیس ماسک عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اشتراک کار میں پاکستان کی صف اول کی 200 سے زائد ریٹیل برانڈز شامل ہوئے ہیں اور فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاٹن سے بنے 50 لاکھ فیس ماسک عطیہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے اس مشترکہ کاوش کا مقصد پاکستان میں ماسک سب کے لئے مہم کا آغاز کرنا اور کاٹن ماسک کی تیاری اور عطیہ کرنے کے لئے تقسیم کار کے شراکت دار”سب ساتھ آرگنائزیشن“ جو زمان فاؤنڈیشن کا اقدام ہے کے ساتھ مل کرکام کرنا ہے۔
ماسک سب کے لئے ایک نچلی سطح کی عالمی مہم ہے جس کے ذریعے عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ کس طرح جاپان، ہانگ کانگ، جمہوریہ چیک، آسٹریا، جنوبی کوریا جیسے ممالک کی حکومتوں نے پبلک مقامات پر جانے کے لئے عوام کے لئے ملکی ساخت کے فیس ماسک پہننا کو لازمی قرار دیا اور کس طرح ان ملکوں نے وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا۔
لازمی طور پر ماسک کے استعمال کے قوانین نافذ کرنے والے ممالک میں دوسرے ممالک کے مقابلہ میں کوویڈ۔19 کے پھیلاؤ کی شرح 100 گنا کم ہے۔