لاہور: فیروز سنز لیبارٹریز نے اعلان کیا ہے کہ ریمڈی سوئیر (remdesivir) دوا کی تیاری کے لیے اس کی ذیلی کمپنی بائیو سائنسز لمیٹڈ کی بین الاقوامی ادویہ ساز کمپنی Gilead Sciences کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
کمپنی لائسنس کے حصول کے بعد یہ دوا پاکستان اور 126 دیگر ممالک کو فراہم کرنے کے لیے بنائے گی۔
واضح رہے remdesivir وہ دوا ہے جس کی امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے حال ہی میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔
دوا کے استعمال کے دورانیے کے حوالے سے ابھی کلینیکل ٹرائل جاری ہیں اور مرض کی شدت کو دیکھتے ہوئے اس کے پانچ سے دس دن تک استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے 119 جاپانی کمپنیاں دیوالیہ
کورونا، ٹرمپ کی چین پر چڑھائی عالمی اسٹاک مارکیٹوں کو لے ڈوبی
تمباکو کے پودے سے کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے تجربات جاری
فیروز سنز کا کہنا ہے کہ دوا کی پاکستان میں تیاری کے حوالے سے معاہدہ طے پا جانے اور اس کی پیداوار شروع ہونے کے بعد مقامی سطح پر یہ وافر مقدار میں دستیاب ہوگی۔
تاہم دوا کی تیاری میں ابھی کچھ وقت لگے گا کیونکہ اس حوالے سے Gilead کے ساتھ معاہدہ ہونا باقی ہے جس کے بعد مقامی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے اجازت لینے اور اے پی آئی کی سورسنگ میں بھی کچھ وقت لگے گا۔
فیروز سنز کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی نے معاملے کو متعلقہ حکام کے سامنے اُٹھایا ہے تاکہ دوا پاکستان میں موجود مریضوں تک جل از جلد پہنچائی جا سکے۔