اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کے مختلف شراکت داروں (سٹیک ہولڈر) کی طرف سے دی جانے والی بجٹ تجاویز کو ٹیرف پالیسی بورڈ میں زیر غور لایا جائے گا تاکہ اس مشکل وقت میں معیشت کو دوبارہ زندہ کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ٹیرف پالیسی بورڈ (ٹی پی بی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صنعتوں اور معاشرے کے نچلے طبقے کو زیادہ سے زیادہ فوائد دیئے جائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔
اجلاس میں معیشت کے مختلف شعبوں سے متعلق ٹیرف تجاویز،پاکستانی برآمدات کو بہتر طور پر مسابقتی عمل میں شامل کرنے اور صنعتی شعبہ کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹی پی بی کی ٹیرف تجاویز کو بجٹ مالی سال2020-21ء میں شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ٹی بی پی کی زیلی کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے ہو گا اور ذیلی کمیٹی کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹیرف پالیسی بورڈ (ٹی پی بی)کے سامنے رکھا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری تجارت، چیئرمین این ٹی سی، ایف بی آر، کسٹم اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، آئندہ اجلاس اس ہفتے کے آخر میں ہو گا۔