حکومت کو موبائل فونز کی کمرشل درآمد پر عائد ڈی آئی آر بی ایس پالیسی کے تحت 6 ماہ میں 28.3 ارب روپے آمدن 

531

اسلام آباد: رواں مالی سال کے ابتدائی6 ماہ کے دوران حکومت کو موبائل فونز کی کمرشل درآمد پر عائد ڈیوائس آئیڈنٹیفیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کی پالیسی کے تحت 28.3 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اختتام تک موبائل فونز کی تجارتی بنیادوں پر درآمد سے مختلف ٹیکسز کی مد میں حکومت کو 22 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی تھیں۔

ایف بی آر نے توقع ظاہر کی ہے کہ جاری مالی سال کے اختتام تک موبائل فونز کی تجارتی بنیادوں پر درآمد اور ڈی آئی آر بی ایس کے تحت حکومتی آمدنی 56 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔

اس طرح کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے اقتصادی سست روی کے باوجود اس مد میں ٹیکسز میں 154 فیصد کا نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب ادارہ برائے شماریات  پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2020ء کے دوران درآمدات کا حجم 18.1 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ فروری 2020ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 16.1 ارب روپے رہی تھیں۔

اس طرح فروری 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2020ء کے دوران موبائل فونز کی ملکی درآمدات میں 2 ارب روپے یعنی 12.72 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here