صنعتکاروں کا وزیراعظم سے بجلی کے نرخوں میں 30 فیصد کمی کا مطالبہ

 ملک کے بہتر معاشی مفاد میں مہنگی بجلی کا بوجھ کم کرکے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ صنعتی صارفین کو پہنچایا جائے: رہنما سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری

57

کراچی : صنعتکار رہنمائوں نے ملکی وعالمی سطح پر تیل کی کم ترین قیمتوں کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان سے بجلی نرخوں میں 30فیصد تک کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ سستی بجلی کی صورت میں صنعتی صارفین کو دیا جائے۔

،اپنے ایک مشترکہ بیان میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی، سرپرست زبیر موتی والا اور صدر سلیمان چاؤلہ نے کہاکہ کے الیکٹرک وسیع پیمانے پر تھرمل بجلی پیدا کرتا ہے اب جبکہ پیٹرولیم مصنوعات انتہائی کم قیمتوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں لہٰذابجلی نرخوں میں نمایاں کمی کرکے تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدہ یقینی طور پر تمام صارفین تک پہنچایا جائے۔

سائٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم شاندار حکمت عملی کے ساتھ کورونا وائرس کے باعث درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کومعاشی چیلنجز سے نمٹنے کی بھی ضرورت ہے جس کا واحد حل ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے کیونکہ پیداواری لاگت میں بجلی کی لاگت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس لیے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی نرخوں میں کمی کر کے صنعتی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اگر حکومت ملک میں بالخصوص کراچی میں صنعتی سرگرمیوں کوفروغ دینے کی خواہاں ہے تو یہ مناسب وقت ہے کہ ملک کے بہتر معاشی مفاد میں کراچی کے صنعتی صارفین پر بجلی کے حد سے زیادہ بوجھ کوکم کیا جائے جس سے صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے گا۔

سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا اور سلیمان چاؤلہ نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ ز مینی حقائق کی بنیاد پر ہمارے مطالبے پر غور کریں اور کے الیکٹرک کے بجلی نرخوں میں کمی کے فوری احکامات جاری کریں تاکہ کرونا لاک ڈاؤن کے باعث صنعتیں بندش کے نتیجے میں ہونے والے خطیر نقصانات کے بعد اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں اور بلارکاوٹ پیداواری سرگرمیاں بحال کی جاسکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here