‘آٹوپارٹس مارکیٹ ہفتے میں 4 روز کھولنے کی اجازت دی جائے’

764

کراچی: آل پاکستان موٹر سائیکل اسپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(اے پی ماسپیڈا) کے سابق چیئرمین فیصل خلیل  نے کہا ہے کہ مسلسل لاک ڈاؤن سے کراچی میں غریب مزدور اور چھوٹا تاجرشدید ذہنی کرب اور پریشانیوں سے دوچار ہوچکا ہے۔ سندھ حکومت وفاق کے فیصلوں پر من وعن عمل کرتے ہوئے تمام چھوٹی مارکیٹیں، دکانیں اور آٹوپارٹس مارکیٹیں، ہارڈ ویئر اسٹورز، سریا مارکیٹ، سیمنٹ، پائپ ملز، پینٹس بنانے والے یونٹس، الیکٹرک، اسٹیل، ایلمونیم کی دکانیں کھولنے کا اعلان کرے۔

فیصل خلیل نے جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن کے سینئروائس چیئرمین ناصر مقبول اور وائس چیئرمین عارف صدیقی نے حکومت اور شہری انتظامیہ کو ایس او پیز فراہم کی تھیں جن پر عملدرآمد کرکے بہتر انداز میں کاروبار جاری رکھا جاسکتاہے، ماسپیڈا کی جانب سے دی گئی ایس او پیز میں کہا گیا کہ آٹوپارٹس مارکیٹ ہفتے میں 4روز صبح9 بجے سے شام5بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار، ورکرز ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں گے اور ریٹیل کسٹمرز کو دکان تک آنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ وہ دکان سے دور رہے گا اور لوگوں سے فاصلہ برقرار رکھے گا، دکاندار بار بار دکان میں اور باہر ڈیٹول اسپرے کرے گا،لیکن فراہم کردہ ایس او پیزکا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سینئروائس چیئرمین کے اس مطالبے کی حمایت کرتے ہیں کہ فوری طور پر ایس او پیز کے تحت حکومت نے  15رمضان تک  دکانیں کھولنے کی اجازت نہ دی تو کراچی کی تمام موٹر سائیکل اسپیئرپارٹ مارکیٹوں کی دکانیں کھول دی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here