اسلام آباد: کورونا وائرس کووڈ۔ 19 کے ٹیسٹس کی استعداد میں بہتری کے لئے کار انداز پاکستان نے ایکسل لیب کو بلا سود قرضہ کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قرضہ کے حصول سے ایکسل لیب یومیہ 500 تک ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گی۔ مرض کی تشخیص کے ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ سے وباء کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
اس وقت پاکستان میں ہر 10 لاکھ میں سے ایک ہزار افراد کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جبکہ امریکا میں یہ شرح 18 ہزار، برطانیہ میں 12ہزار، متحدہ عرب امارات میں ایک لاکھ 13 ہزار، جرمنی میں 30 ہزار حتی کہ ایران میں 5 ہزار ہے۔
مزید برآں بلا سود کے قرض کی فراہمی کے کارانداز پاکستان کے اقدام سے ایکسل لیب 4 ہزار ٹیسٹوں پر سبسڈی بھی فراہم کر سکے گی۔
رعایتی قیمت پر کووڈ۔19 ٹیسٹ کی سہولت سے معاشرہ کے زیادہ متاثرہ طبقات بشمول 65 سال سے زیادہ عمر کے شہری، ڈاکٹرز اور نرسز استفادہ کر سکیں گے جبکہ ٹیسٹ کی قیمت ادا نہ کر سکنے والے غریب افراد کے ٹیسٹ بھی رعایتی نرخ پر کئے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں بہتری لائی جا سکے گی اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور نرسز کے رعایتی ٹیسٹوں کی سہولت سے وباء کے خلاف کام کرنے والے طبی شعبہ کے فرنٹ لائن ہیروز کو وائرس سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔