ڈیری سیکٹر کے مسائل حل کرنے، ترقی کا لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم 

مشیر خزانہ سے ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی ملاقات، حکومت ڈیری کی صنعت کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے، اسکے فروغ کیلئے بھرپور کردار اداکرے گی: عبدالحفیظ شیخ 

481

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیری سیکٹر کے مسائل معلوم کرنے، ان کے حل اور اس شعبے کی ترقی کیلئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے جمعرات کو  ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کی، بات چیت میں  ڈیری کے شعبے کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا اور ڈیری کے شعبے کو درپیش مشکلات پر تفصیلی بات چیت کے ساتھ ساتھ آئندہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز بھی  پیش کی گئیں۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے حکومت سے مختلف قسم کے ٹیکسوں میں ریلیف دینے کی درخواست کی، مشیر خزانہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حالات کی وجہ ڈیری بزنس سے وابستہ کمپنیاں مالی مشکلات کا شکار ہیں اور اپنی صلاحیت کے برعکس صرف 30 فیصد کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

مشیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا کہ ڈیری سیکٹر سے 10 ہزار افراد کا براہ راست روزگار وابستہ ہے جبکہ مزید پانچ لاکھ افراد بھی اس سیکٹر کے ذریعے روزگار کما رہے ہیں۔

اسکے علاوہ ڈیری بزنس سے وابستہ کمپنیاں بھی ملک بھر میں 0.25 کسانوں کو مالی طور پر سپورٹ کر رہی ہیں اور انہیں سالانہ 120 ارب روپے دے رہی ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ حکومت ڈیری کی صنعت کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے،حکومت اس شعبے کے فروغ کے سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ، ایف بی آر اور ڈیری صنعت کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی  کاقیام بھی عمل میں لایا گیا۔ کمیٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے تجاویز اگلے ہفتے تک پیش کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here